حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشہد مقدس میں مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی تشییع جنازہ کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس موقع پر علماء کرام، مراجع عظام کے نمائندوں، حوزہ علمیہ خراسان کے اساتذہ و طلاب اور مرجعیت سے عقیدت رکھنے والے عوام کی بڑی تعداد شریک ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (علیہ الرحمہ) کی تشییع کا آغاز آج جمعرات کی صبح 9 بجے مشہد مقدس کے مدرسۂ آیت اللہ خوئی سے ہوا، جہاں سے آپ کا جنازہ حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کی جانب روانہ کیا گیا۔
تشییع کا جلوس باب الجواد سے حرم مطہر رضوی میں داخل ہوگا، جس کے بعد بست شیرازی، صحن انقلاب، صحن کوثر اور صحن پیامبر اعظمؐ سے گزرتا ہوا آگے بڑھے گا۔ بعد ازاں آپ کے جسدِ خاکی کو تدفین کے لیے رواق دارالسعادہ منتقل کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی یاد میں آج جمعرات 19 نومبر کو نماز مغرب و عشاء کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی کی جانب سے شام 6 سے 8 بجے تک حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے رواق امام خمینیؒ میں مجلسِ ترحیم منعقد ہوگی۔
تشییع و تدفین کے انتظامات کے پیش نظر خیابان شیرازی اور خیابان شہید اندرزگو سے حرم مطہر کی جانب آنے والی سڑکوں پر نجی گاڑیوں کی آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (علیہ الرحمہ) کو رواق دارالسعادہ میں امام رضا علیہ السلام کے ضریح مبارک کے نچلے حصے، مخصوص مقام پر سپردِ خاک کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق، آپ کی وصیت اور اہل خانہ کی درخواست پر تدفین کے لیے اس مقام کا انتخاب کیا گیا ہے۔










آپ کا تبصرہ